وزیراعظم عمران خان نے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو دُنیا بھر میں سب سے زیادہ اس لیے دیکھا جاتا ہے کہ اس میں کوئی فحاش مواد شامل نہیں ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ’میں نے ہماری انڈسٹری کو مغرب اور بالی ووڈ کے مواد کو نقل کرکے ٹی وی چینلز پر نشر کرنے سے منع کیا تھا لیکن اُنہوں نے کہا کہ عوام یہی دیکھنا چاہتی ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے دُنیا بھر میں مقبول ترین ترکش سیریز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارطغرل غازی بھی دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز میں سے ایک ہے اور اس میں کوئی فحاش مواد بھی نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان میں خوب مقبولیت مل رہی ہے اور اِس سیریز نے پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
یہ ڈرامہ اپنی کہانی، تیاری اور اداکاری کے لحاظ سے یقیناً ایک شاہکار اور ’خلافت عثمانیہ‘ کی اسلامی تاریخ، ثقافت اور روایت پر مبنی ہے جس کی کہانی خلافت عثمانیہ (موجودہ ترکی) کی اُس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو خلافت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد ارطغرل تھے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ خلافت عثمانیہ نے 600 سال تک دنیا کے ایک تہائی حصے پر حکمرانی کی۔
اس ڈرامے کو 30 مختلف زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے اور اب تک دنیا کے 71 ممالک میں ڈیڑھ ارب سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جو یقیناً ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
’ارطغرل غازی‘ ڈرامے سے یہ سبق ملتا ہے کہ مسلمان جب تک اپنے دین سے جڑے رہے اور اللّہ پر کامل یقین رکھا تو اُنہیں کامیابی اور دُنیا پر حکمرانی نصیب ہوئی، جب مسلمان دین سے دور اور منقسم ہوگئے تو پستی کا شکار ہوتے چلے گئے۔