کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر اسٹیٹ بینک نے زرِ مبادلہ کی ضوابطی منظوری دیتے ہوئے ڈجیٹائزیشن کا افتتاح کر دیا۔جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے زرِ مبادلہ سے متعلق کیسوں کے اندراج کے لیے شروع سے آخر تک ڈجیٹائزیشن پروسس والے ’’زرِ مبادلہ کی منظوری کے ضوابطی نظام‘‘ (ریگولیٹری اپروول سسٹم- آر اے ایس) کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین اورگورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تقریب میں کلیدی خطاب کیا۔اعلامیہ کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد یہ ہے کہ کاروباری برادری اور عام افراد زرِ مبادلہ سے متعلق اپنی درخواستوں کے لیے بینکوں سے جو رجوع کرتے ہیں اس کے لیے انہیں مکمل ڈجیٹل پلیٹ فارم مہیا کیا جائے۔
اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے لین دین کے نظام کو ڈجیٹائزڈ کردیا
