آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اطمینا ن ہے کہ آج ہمارے ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، آج ہمارے ادارے مِل کر پاکستان کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں، وہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اب وقت ہے متحد ہو کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے، ہائبرڈ وارکا مقصد پاکستان میں اِس اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے اور اِس مفروضے کو تقویت دینا ہے کہ یہاں کچھ بھی اچھا نہیں ہو سکتا، یقین دلاتے ہیں یہاں سب کچھ اچھا ہو گا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سپاہ گری مشکل راستہ ہے جس پر چلنا آسان نہیں، ہم نے امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، امن قائم رکھنے کے لیے لہو سے اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھرپور کوششیں کیں، یہ ایک مشکل سفر تھا لیکن اطمینا ن یہ ہے کہ آج ہمارے ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، آج ہمارے ادارے مِل کر پاکستان کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا، دُنیا کے بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے، پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے دشمن کی مایوسی میں پاکستان کو 24/7 ہائبرڈ وار کا سامنا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ذات پات، مذہب اور لسانیت سے برتر ہم سب پاکستان کے سپاہی ہیں، اتحاد ہماری قوت اور انشاء اللّٰہ ہم سب متحد ہیں، پاکستانی قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے، ان شاء اللّٰہ اب بھی چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کریں گے۔