انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد عامر ذوالفقار ڈی آئی جی آپریشنز کے ہمراہ مقتول اسامہ ستی کے گھر پہنچ گئے، دونوں افسران نے مقتول کے خاندان سے اظہارِ افسوس کیا۔
گزشتہ روز دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ میں مقتول اسامہ ستی جان کی بازی ہار گیا تھا۔
آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے مقتول اسامہ کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور نوجوان کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
عامر ذوالفقار نے پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہلِ خانہ کو یقین دہانی کروائی کہ ان کو پورا انصاف ملے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ واقعے کی تفتیش میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے مقتول اسامہ ستی کے اہل خانہ کو بتایا کہ واقعے پر ایس پی صدر زون کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔
آئی جی عامر ذوالفقار نے یہ بھی کہا کہ چیف کشمیر اسلام آباد پہلے ہی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے چکے ہیں۔
گزشتہ روز پمز اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ نوجوان اُسامہ کو سامنے سے گولیاں ماری گئیں جبکہ اس سے قبل پولیس اہلکاروں کا دعویٰ تھا کہ پولیس تعاقب کے دوران مقتول کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔