بھارت: شمشان گھاٹ کی چھت گرگئی، 21 ہلاک، 20 زخمی

97

بھارتی ریاست اترپردیش ( یو پی ) میں شمشان گھاٹ کی چھت کے ملبے میں دب کر 21 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست یوپی کے ضلع غازی آباد کے علاقے مراد نگر میں اندوہناک واقعہ رونما ہوا، جس نے کئی لوگوں کی جان لے لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دلخراش واقعہ ’جے رام‘ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران پیش آیا۔

آخری رسومات کے دوران بارش کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد نے شمشان گھاٹ کے شیلٹر کے نیچے پناہ لے رکھی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کی بڑی تعداد جے رام کے لواحقین کی ہے، جو اپنے پیارے کو الوادع کہنے آئے تھے کہ خود بھی لقمہ اجل بن گئے۔

خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ زخمیوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ ریسکیو ٹیموں کی آمد سے قبل بھی بعض لوگوں نے اپنے پیاروں کو ملبے تلے سے نکال لیا تھا۔

ریسکیو ٹیموں اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس( این ڈی آر ایف ) اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ کئی گھنٹوں کے بعد بھی کوئی متاثر شخص ملبے تلے نہ رہ جائے۔

میرٹ کی کمشنر انیتا مشرام نے کہا کہ اب تک 38 لوگوں کو ملبے سے ریسکیو کیا جاچکا ہے، اس معاملے میں جو بھی قصور وار پائے گئے انہیں سخت سزا دی جائے گی۔

دوسری طرف بھارتی صدر رام ناتھ گووند نے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں