بھارت میں ایک شخص نے فٹ پاتھ پر سوئی ہوئی خاتون کو گلا دباکر قتل کردیا، جبکہ ملزم کا چہرہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں آگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اندرو شہر میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھکارن کو قتل کرنے کا واقعہ اندور شہر کے ایم وائی اسپتال کے باہر پیش آیا، جس کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طلوع آفتاب سے پہلے ایک شخص نے فٹ پاتھ پر سوئی ہوئی عورت پر حملہ کردیا۔
اس شخص نے عورت کے بال پکڑ کر اسے گھسیٹا اور گلے میں رسی ڈال کر اس کا گلا دبایا، عورت نےاپنے اوپر ہونے والے حملے پر مزاحمت کی کوشش کی لیکن اس شخص نے کافی دیر تک عورت کے گلے کو رسی سے جکڑ کر رکھا جس سے وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عورت کو قتل کیے جانے کی فوری طور پر کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے اور مقتولہ کی تاحال شناخت نہیں ہوئی ہے جب کہ اب تک قاتل کا بھی کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 45 سال ہے جو اس گلی میں ہی رہتی تھی اور قریبی علاقے میں بھیک مانگتی تھی، علاقہ مکین روزانہ اس عورت کو یہاں دیکھتے تھے لیکن کوئی بھی اس کے نام سے واقف نہیں۔
پولیس کی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ مرنے والی عورت کا علاقے میں موجود ایک عورت سے جھگڑا ہوا تھا جو قتل کی ایک وجہ ہوسکتی ہے لیکن اب تک کوئی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے قاتل کی تصاویر لے کر اس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔