بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں کسانوں کا احتجاج 12ویں روز بھی جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں کسان تحریک نے 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے دی۔ اپوزیشن کی 18 جماعتوں نے کسان تحریک اور ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے بھارتی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ 8 دسمبر کو کسانوں کی ہڑتال کامیاب بنائیں گے۔
دوسری جانب نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی 8 دسمبر کو کسانوں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ کسانوں کے تمام مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، اُن کے مطالبات درست ہیں۔
کانگریس ارکان پارلیمان نے کسانوں کے معاملے پر پارلیمانی سیشن بلانے کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کسانوں اور حکومت کےدرمیان مذاکرات کا چھٹا دور 9 دسمبر کو ہوگا جبکہ کسانوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے 5 دور بےنتیجہ رہے ہیں۔