بھوک ہڑتال پر بیٹھےفلسطینی کی بگڑتی صحت، یورپی یونین کا اظہار تشویش

168

یورپین یونین نے جولائی سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے فلسطینی مہر الاخرس کی بگڑتی ہوئی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جنیوا کنونشن کے تحت قیدیوں کے انسانی حقوق کا بھی احترام کرے۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یورپین یونین ایک فلسطینی قیدی مہر الاخرس جو کہ اپنی گرفتاری کا جواز مانگنے کے لیے جولائی سے بھوک ہڑتال کیے ہوئےہے، اُس کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

یورپین یونین کے مطابق اس سے قطع نظر کہ اُن پر کیا الزامات ہیں، یورپین یونین اسرائیل کی جانب سے باقاعدہ الزام کے بغیر افراد کو حراست میں رکھنے کے وسیع استعمال کے بارے میں اپنے خدشات کا اعادہ کر تی ہے۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اعلامیہ کے مطابق اس وقت لگ بھگ 350 فلسطینی اسرائیل کی انتظامی حراست میں ہیں۔ قیدیوں کا یہ حق ہے کہ انہیں کسی بھی نظر بندی سے متعلق الزامات سے آگاہ کیا جائے اور ان کا مقدمہ منصفانہ انداز میں چلے۔

اس حوالے سے یورپین یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چوتھے جنیوا کنونشن کی روشنی میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ تمام قیدیوں کے بارے میں موجود حقوق کا احترام کرے اور مہر الاخرس کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں