اسلام آباد(نمائندہ جنگ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر ایک کےجج راجہ جواد عبا س نے توہین رسالت ؐا و ر توہین مذہب کے مقدمے میں زیر حراست ملزمان کی صفائی کی شہادت پیش کرنے کے حق کو ختم کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو چھ اکتوبر کو حتمی دلائل پیش کرنےکا حکم دے دیاہے۔عدالت نے گزشتہ سماعت پر ملزمان کو اپنےدفاع میں شہادت پیش کرنے کے لئے آخری مہلت دی تھی،جس میں ملزم ناکام رہے،تاہم ملزمان نے آخری مہلت کے باوجود دفاعی شہادت پیش نہیں کی۔جس پر عدالت نے ملزمان کا دفاعی شہادت پیش کرنے کا حق ختم کردیا۔ توہین رسالت ؐو توہین مذہب کے مقدمے کی سماعت جمعہ کوانسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی توملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے ہائیکورٹ میں پی آئی اے سے ملزمان کی گرفتاری والے دن کی اسلام آباد سے کراچی اور کراچی سے اسلام آباد آنے والی تمام فلائٹس کا ریکارڈ طلب کرنے کے لئے ایک درخواست دائر کررکھی ہے،جس کی سماعت ہائیکورٹ نے آٹھ اکتوبر تک ملتوی کی ہے، درخواست ہے دفاعی شہادت پیش کرنے کیلئے آٹھ اکتوبر
کے بعدکی مہلت دی جائے،عدالت نےملزمان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہااگر آپ نے عدالت کی مہلت کے باوجود حتمی دلائل بھی پیش نہ کئے تو عدالت ریکارڈ کا جائزہ لیکر مقدمے کا فیصلہ سنا دے گی۔بعدازاں عدالت نےملزمان کو دوبارہ جیل بھیجتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت چھ اکتوبر تک ملتوی کردی۔