خیبرپختونخوا کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کی جانب سے جاری کردہ 2019ء کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں بچوں کی اموات میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کی رپورٹ 2019 ء کے مطابق خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں بچوں کی اموات میں اضافہ ہوا ہے، 2019ء میں 14 ہزار 970 بچے سرکاری اسپتالوں میں جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 2019ء میں سرکاری اسپتالوں میں اوسطاً روزانہ 41 بچوں کا انتقال ہوا جبکہ 2018 میں سرکاری اسپتالوں میں اوسطاً روزانہ 32 بچے فوت ہوئے تھے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2019 میں سرکاری اسپتالوں میں دوران زچگی 321 خواتین جاں بحق ہوئیں اور صوبے میں ہر 29 واں بچہ پیدائش کے ایک ماہ کے اندر انتقال کرجاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں ہر 35 واں بچہ پانچ سال کی عمر تک نہیں پہنچ پاتا اور بیشتر بچوں کا انتقال نمونیا، ہیضہ اور دیگر بیماریوں کے باعث ہوا ہے ۔