پوری دنیا اس وقت سردی کی لپیٹ میں ہے جبکہ آسٹریلیا میں ہیٹ ویو جاری ہے جس نے سب ہی پرانے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پارہ 40 سے اوپر چلا گیا ہے جبکہ نیو ساؤتھ ویلز، وکٹوریا اور ساؤتھ آسٹریلیا میں درجۂ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا ہے، 6 ہفتوں سے ایک جزیرے میں لگی آگ سے بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا خطرہ ہے۔
آسٹریلیا کے محکمۂ موسمیات نے نیو ساؤتھ ویلز کےشمالی اور کوئنزلینڈ کے جنوب مشرقی حصوں میں 5 سے 6 دن تک ہیٹ ویو کے زیرِ اثر رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب کوئنزلینڈ کے ایک جزیرے پر جنگل میں لگی آگ 6 ہفتوں بعد بھی بے قابو ہے، جزیرے کا ایک تہائی حصہ آگ کی لپیٹ میں آچکا ہے۔
حکام کی جانب سے متاثرہ علاقے سے شہریوں کے انخلاء کے احکامات ابھی جاری نہیں کیئے گئے ہیں۔