سامسنگ نے اپنی برینڈ ویلیو کو عالمی سطح پر برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے جس کا ثبوت انٹربرینڈ میں اس کا پانچویں نمبر پر ہونا ہے۔
الیکٹرونکس انڈسٹری میں اپنی ایک پہچان رکھنے والی سامسنگ کمپنی 2017 میں اپنی آمدن کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرونکس کمپنی تھی۔
انٹربرینڈ کے تخمینے کے مطابق کمپنی کی برینڈ ویلیو اس وقت 62 ہزار 289 ملین ڈالر (100 کھرب پاکستانی روپے) سے زائد بنتی ہے۔
گوگل ایک ایسا نام ہے جو معلومات رسانی کے لیے اس وقت دنیا کا بے تاج بادشاہ ہے، لیکن اپنی برینڈ ویلیو کے اعتبار سے انٹربرینڈ کی فہرست میں اس کا چوتھا نمبر ہے۔
سرچ انجن، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، آن لائن ایڈورٹائزنگ ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی یہ کمپنی ایلفابیٹ انکارپوریشن کی چائلڈ کمپنی ہے۔
انٹربرینڈ کے تخمینے کے مطابق کمپنی کی برینڈ ویلیو اس وقت ایک لاکھ 65 ہزار 444 ملین ڈالر (265 کھرب 62 ارب پاکستانی روپے) سے زائد بنتی ہے۔
طویل عرصے تک دنیا کے امیر ترین آدمی رہنے والے بل گیٹس کی کمپنی مائیکرو سافٹ برینڈ ویلیو کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔
مائیکروسافٹ دنیا کے معروف اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والے آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز‘ کو بنانے والی کمپنی ہے اور یہ آپریٹنگ سسٹم گھر سے لے کر بڑی بڑی کمپنیوں میں استعمال ہوتا ہے۔
انٹربرینڈ کے تخمینے کے مطابق کمپنی کی برینڈ ویلیو اس وقت ایک لاکھ 66 ہزار ایک ملین ڈالر (266 کھرب 51 ارب پاکستانی روپے) سے زائد بنتی ہے۔
کورونا وائرس نے ایمازون کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچایا اور لاک ڈاؤن کے باعث گھر تک محدود رہنے والوں نے اس کی سروسز سے کافی فائدہ اٹھایا۔
اس وقت ایمازون دنیا کی سب سے بڑی آن لائن مارکیٹ پلیس ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بھی ہے۔
انٹربرینڈ کے تخمینے کے مطابق کمپنی کی برینڈ ویلیو اس وقت 2 لاکھ 667 ملین ڈالر (322 کھرب 17 ارب پاکستانی روپے) سے زائد بنتی ہے۔
ایپل بلاشبہ برینڈ ویلیو میں اپنا ثانی نہیں رکھتا اور دوسرے نمبر پر موجود ایمازون سے بھی بہت آگے ہے۔
مائیکرو سافٹ کی طرح ایپل بھی کمپیوٹر سروسز، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر فراہم کرتی ہے جبکہ اس کے علاوہ اس کی دیگر نامور پروڈکٹس میں آئی فون، آئی بیڈ، آئی پوڈ وغیرہ شامل ہیں۔
انٹربرینڈ کے تخمینے کے مطابق کمپنی کی برینڈ ویلیو اس وقت 3 لاکھ 22 ہزار 999 ملین ڈالر (518 کھرب 57 ارب پاکستانی روپے) سے زائد بنتی ہے۔
اس کے علاوہ بھی انٹربرینڈ نے اپنی فہرست میں کمپنیوں کو جگہ دی ہے جن میں ایڈوبی، یوٹیوب، ٹیسلا، ویزا، ای بے، فلپس، ماسٹر کارڈ، سیلزفورس، پے پال، سمنز، ایچ پی، کینن، نائین ٹینڈو، ہوواوے، پیناسونک، لنکڈان، اوبر اور حیرت انگیز طور پر کانفرنس ویڈیو سافٹ ویئر زوم بنانے والی کمپنی زوم بھی شامل ہے۔