سردی میں بیماریوں سے بچنے کے طریقے

120

دنیا بھر کے متعدد ممالک کی طرح پاکستان میں بھی سردی کا آغاز ہوگیا ہے، کہتے ہیں آتی سردی اور جاتی سردی نا صرف بچوں بلکہ بڑوں کے لیے بھی خطرناک ہوتی ہے کیونکہ اس میں نزلہ زکام، بُخار اور کھانسی وغیرہ عام ہے۔

سردیوںمیں ہونے والی ان عام بیماریوں سے بچنے کے لیے اگر ان چند طریقوں پر عمل کیا جائے تو انسان صحت مند رہ سکتا ہے۔

موسم سرما میں سب سے زیادہ ضروری ہے کہ صحت مند غذا کا انتخاب کریں کیونکہ جب آپ صحت مند غذا لیں گے، تب ہی آپ تندرست رہیں گے، صحت مند غذا سب سے پہلی چیز ہے جو سردیوں میں ہونے والے انفیکشن اور وائرس کے خلاف لڑنے میں مدد کرتی ہے۔

ان صحت مند غذاؤں میں مچھلی، دالیں، تازہ سبزیاں، تازہ پھل ،خشک میوے، انڈے اور گوشت شامل ہے، یہ سب غذائیں لینے سے آپ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے اور آپ کا نظامِ ہاضمہ بھی بہتر رہے گا۔

ورزش بھی بہت سی بیماریوں سے بچنے کے لیے ایک اہم اور بنیادی جز ہے، سردیوں میں خود کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ ورزش کی جائے، ورزش میں آپ یوگا اور واک بھی کرسکتے ہیں۔

روزانہ ورزش کرنے سے آپ کے جسم میں موجود زیادہ کیلوریز کم ہوتی ہیں اور اِس کے علاوہ کھانسی اور نزلہ زکام جیسی بیماریوں کا دفاع کرنے میں بھی مدد کرتی ہے، اگر آپ کو دمہ یا دِل کی بیماری ہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ جب آپ گھر سے باہر واک کرنے جائیں تو پیوریفائنگ ماسک پہن لیں، اِس سے آپ باہر کی آلودگی سے بھی بچ جائیں گے۔

سردیوں میں پیاس کم لگتی ہے جس کی وجہ سے بعض افراد پانی کم پیتے ہیں اور اِس کے نتیجےمیں پانی کی کمی ہوجاتی ہے،اس لیے ضروری ہے کہ روزانہ زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے۔

پانی کے زیادہ استعمال سے آپ کو قبض کی شکایت نہیں ہوگی اور نظام ہاضمہ بھی اچھے سے کام کرے گا، اِس کے علاوہ آپ کی جِلد بھی خُشک نہیں ہوگی۔

جس طرح سردیوں میں ورزش اور صحت مند غذائیں ضروری ہیں اِسی طرح نیند پوری کرنا بھی بہت زیادہ ضروری ہے، نیند کی کمی سے وزن میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے ڈپریشن ہوتا ہے، آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ہوجاتے ہیں اور اِس کے علاوہ بھی بہت سی بیماریوں کی وجہ بنتی ہے۔

موسم سرما کی بیماریوں سے بچنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ اپنی صفائی کا خاص خیال رکھیں، اپنے ہاتھ منہ کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں، بار بار ناک کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں۔

سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں کا انتخاب کریں، پیروں میں موزے پہنیں اور جب باہر جائیں تو منہ پر ماسک اور ہاتھوں میں دستانے بھی پہنیں، اپنے سر کو اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں تاکہ سرد ہوا کا اثر آپ کے جسم پر نہ پڑے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں