مہلک مرض پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار سنجے دت کی اہلیہ مانیتا دت نے شوہر کو حوصلہ دیتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی جس نے پڑھنے والوں کو جذباتی کردیا۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر شوہر سنجے دت کے ہمراہ لی گئی ایک تصویر شیئر کی جس میں لکھا کہ ’جس چیز میں آپ کو برداشت کرنے کو حوصلہ ہو اسی چیز سے آپ کو آزمائش میں ڈالا جاتا ہے۔‘
سنجے دت کی اہلیہ نے کچھ ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے بھی بتایا کہ وہ اور ان کی فیملی آزمائش کی گھڑی میں کس طرح مضبوطی اور ہمت و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سنجے دت کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں اور اب ان کے علاج سے متعلق خبریں ہیں کہ ان کی پہلی کیموتھراپی مکمل ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت کی دوسری کیموتھراپی آئندہ ہفتے 8 یا 9 ستمبر کے قریب شروع ہونے کا امکان ہے تاہم ابھی یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اداکار کو کتنی کیموتھراپی کی ضرورت ہے ۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق پہلے سنجے دت نے علاج کے لیے امریکا جانے کا فیصلہ کیا تھا اور طبی بنیادوں پر 5 سال کے لیے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا ہے بعدازاں انہوں نے اپنا علاج ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں شروع کروالیا۔