پاکستان فلم انڈسٹری میں 625 فلموں میں کام کرنے والے نامور ولن مصطفیٰ قریشی اور لوک گلوکارہ روبینہ قریشی نے شادی کی گولڈن جوبلی کراچی میں منائی۔ اس موقع پر مصطفیٰ قریشی آبدیدہ ہوگئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سب دوستوں کا شکریہ جنہوں نے محبت بھرے پیغامات بھیجے۔ لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ کسی حکم راں نے مبارکباد کا پیغام نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کو فن کاروں سے کوئی مطلب نہیں ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں جو مجھے روبینہ جیسی شریک حیات ملی ہے جس نے زندگی کے ہر موڑ پر میرا ساتھ دیا ہے۔
مصطفی قریشی نے کہا کہ روبینہ بہت اچھی بیوی ہونے کے ساتھ ذمہ دار ماں بھی ہے جس نے بچوں کی بہت عمدہ تربیت کی ہے۔
انہو ں نے مزید کہا کہ نئے نویلے دلہا دلہن جوڑوں جن کی حال ہی میں شادی ہوئی ہے یا ہونے والی ہے میں ان کے لیے بھی دعا گوہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ انہیں بھی اپنی شادی کی گولڈن جوبلی منانے کی توفیق عطا فرمائے، والدین کا فرمانبردار بنائے اور وہ خوشگوار ازواجی زندگی گزاریں۔
علاوہ ازیں ممتاز فلم اسٹار ندیم، جاوید شیخ، غلام محی الدین، ریما خان اور دیگر ساتھی فن کاروں نے شادی کی گولڈن جوبلی مکمل کرنے پر مصطفیٰ قریشی کو مبارکبادیں پیش کیں۔