شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا عرس:میلے کی اجازت نہیں، زائرین حاضری دے سکتے ہیں

شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا عرس:میلے کی اجازت نہیں، زائرین حاضری دے سکتے ہیں 51

بھٹ شاہ ( نامہ نگار)برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 277 ویں عرس مبارک کے موقع پر وزیر اوقاف سندھ سہیل انور سیال نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اوقاف اختر بگٹی، کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو، ایس ایس پی آصف احمد بگھیو، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد شريف شيخ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچر وسیم گل شیخ و دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ کورونا وبا کے سبب رواں سال حکومت سندھ کی جانب سے میلے کی تمام تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔ محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ایس او پیز کے تحت صرف لطیف ایوارڈ تقریب ایچ ٹی سورلی ہال بھٹ شاہ میں 4اکتوبر بروز اتوار منعقد کی جائے گی۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف سہیل انور سیال نے کہا کہ کورونا کے باعث حکومت سندھ کی جانب سے عرس مبارک کی تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں اور میلے کی بالکل اجازت نہیں دی گئی ہے، صرف ایس او پیز کے تحت

زائرین درگاہ پر حاضری دے سکتے ہیں، اس ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کو درگاہ کے اندر جانے نہیں دیا جائے گا۔ ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی پر چراغاں نہ کرنے کی محکمہ جاتی انکوائری کرائی جائے گی اور غفلت پر درگاہ کے منیجر کے خلاف کارروائی کرکے معطل کیا جائے گا۔ ایک سوال پر کہ نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں بالخصوص پیپلز پارٹی ایم این اے مخدوم جمیل الزماں کے بھائی کی گرفتاری اور دیگرکارروائیوں سے متعلق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ عمل قابل مذمت ہے، ہر شخص کا اپنا تقدس اور عزت ہوتی ہے، کورٹ سے جرم ثابت ہونے سے قبل ہر کسی کو معصوم تصور کیا جاتا ہے، اگر کوئی قصوروار ہے اور اس کو گرفتار کرنا ہے تو مجوزہ قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔ بھٹ شاہ میں ترقیاتی کاموں سے متعلق سوال پر وزیر اوقاف نے کہا کہ درگاہ کا ترقیاتی کام کیا گیا ہے تاہم ہر جگہ بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، درگاہ کی صفائی کے لئے مشینیں لائی گئیں ہیں، زائرین کی سہولت کے لئے انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے سامنے ترقی یافتہ ممالک نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، سب سے پہلے عوام کی جان عزیز ہے اس لئے میلے کی تقریبات منسوخ کردی ہیں۔ ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ اوقاف میں نئے بھرتی ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں