وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا ہے کہ صحت سہولت پروگرام میں 51 لاکھ خاندان رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قومی صحت کارڈ پروگرام میں مستحقین کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع تک بڑھایا جاچکا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ تقریباً51 لاکھ خاندان صحت سہولت پروگرام میں رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں، گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں 1 لاکھ 20 ہزار خاندانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کی صحت کی سہولیات دی جارہی ہیں، اب تک 235 اسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جاچکا ہے۔
بریفننگ میں کہا گیا کہ 2020ء میں اب تک 80 ہزار 389 افراد صحت سہولت پروگرام سے استفادہ کرچکے ہیں۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو صحت کی سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ غریب افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اختیاری نہیں بلکہ لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا طرز پر صوبہ پنجاب کے 2 شہروں میں یونیورسل کوریج پر غور کیا جائے۔