بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ نے اپنے مداحوں کو بتا دیا کہ وہ ہر سال دیوالی کیسے مناتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں تو دیوالی ہر سال اپنے دوستوں یا گھر والوں کے ساتھ مناتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں دیوالی پر پٹاخے نہیں پھوڑتی ، میرے لیے دیوالی تفریح کا نام ہے، میں اس دن لوگوں سے ملتی ہوں، اُن کے ساتھ کھانا کھاتی ہوں اور یہی میرے نزدیک بہترین تفریح ہے۔
فاطمہ ثناء شیخ نے مزید کہا کہ ایسا میں صرف دیوالی پر نہیں کرتی بلکہ میں اپنے ہر تہوار کو ایسے ہی مناتی ہوں۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ وہ تھیٹر کے دوبارہ کھلنے کا بہت بے صبری سے انتظار کررہی ہیں۔ فاطمہ ثنا شیخ نے کہا کہ مجھے اب تھیٹر جانا ہے، میں اُن لوگوں میں سے ایک ہوں جو سنیما ہال اور تھیٹرز کھلتے ہی وہاں فلم دیکھنے ضرور جائیں گے۔
دنگل اداکارہ کی اگلی فلم ’سورج پے منگل بھاری‘ کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے جبکہ یہ فلم 15نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، اس فلم کی ہدایت کار ’ابھیشیک شرما‘ ہیں۔
فلم ’سورج پے منگل بھاری‘ کی دیگر کاسٹ میں دلجیت دوسنجھ اور منوج باجپائی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فاطمہ ثناء شیخ نے اپنے ایک انٹرویو میں پہلی مرتبہ جنسی ہراسانی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں کئی بار فلم انڈسٹری میں کام کے حصول کے لیے جنسی تعلقات قائم کرنے کی پیشکش کی گئی۔
فاطمہ ثناء شیخ نے بتایا تھا کہ دیگر اداکاراؤں کی طرح وہ بھی جنسی ہراسانی کا شکار ہونے سے نہیں بچ سکیں، اُنہیں بھی تین سال کی عمر میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
خیا ل رہے کہ فاطمہ ثناء شیخ نے سال 2016 میں عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا ، جس کے بعد وہ 2018 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی مہنگی ترین فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں امیتابھ بچن اور عامر خان کے ساتھ دکھائی دی تھیں۔