فیصل قریشی نے ماسک نہ پہننے کی وضاحت کردی

116

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے شاپنگ مال میں ماسک نہ پہننے کی وضاحت دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

حال ہی میں ایک صارف نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ اُنہوں نے ایک مال میں اداکار فیصل قریشی کو دیکھا تھا اُنہوں نے ماسک نہیں پہنا ہوا تھا اور اُن کے ساتھ سیلفی لینے والے مداحوں کے چہرے پر بھی ماسک نہیں تھا۔

صارف کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت سندھ جتنی مرضی ایس او پیز لے آئے لیکن یہاں کے عوام نے عمل نہیں کرنا۔

ٹوئٹر صارف کے اس تنقید بھرے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے فیصل قریشی نے اپنے حالیہ پیغام میں ماسک نہ پہننے کی وضاحت دی ہے۔

فیصل قریشی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’میں نے ماسک پہنا ہوا تھا لیکن مداحوں نے مجھے مجبور کیا کہ ہمارے ساتھ تصویریں لینے کے لیے چہرے سے ماسک ہٹائیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’اگر میں ایسا نہ کرتا تو میرے وہ مداح آج ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے کہ میں ایک مغرور اور گھمنڈی انسان ہوں۔‘

دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس کے کل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 50 ہزار 305 مریض شفایاب ہو چکے ہیں، اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح دو فیصد اور شفایاب ہونے والے مریضوں کی شرح 85.4 فیصد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں