میر شکیل الرحمان کی رہائی، صحافیوں اور سیاسی رہنماؤں کا اظہار تشکر، مٹھائیاں تقسیم

104

پشاور ، ملتان ، اوکاڑہ ، جدہ (نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی 8ماہ بعد رہائی پر صحافیوں ، صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں اور سیاسی قائدین سمیت مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا اظہار تشکر ، میر شکیل الرحمان کی رہائی پر مبارکباد ، سابق وفاقی وزیراورمسلم لیگ کے بزرگ سیاسی رہنماسلیم سیف اللہ خان نے رہائی پر دلی ہمدردی اورخوشی کا اظہارکرتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ میر شکیل الرحمان جیسے نڈراورسچ کی پیروی کرنے والے سینئرصحافی کو کسی بھی صورت دبایا نہیں جاسکتا، سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سمیت دیگر مسلم لیگی رہنما سلطانہ شاہین، شاہین شفیق ، عثمان خان بابر، رانا ذیشان ، عبدالرحمان فری، زاہد عدنان گڈو نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمان نےثابت کیا ہے

کہ وہ صحافت کے علمبردار ہیں ،اوکاڑہ، چشتیاں سمیت کئی شہروں میں صحافیوں، سیاسی رہنمائوں، شہریوں کی جانب سےاظہار تشکر کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، بھنگڑے ڈالے گئے،آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن نے کہا کہ میرے بھائی میر شکیل الرحمان نے بلاجواز اسیری کاٹ کر آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کی ایک ایسی تاریخ رقم کی ہے جس کی مثال ملنا مشکل ہے،اوکاڑہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر چودھری محمد ارشد اقبال نے کہا کہ میر شکیل الرحمان نےثابت کیا کہ وہ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے،مسلم لیگ ن کسان ونگ کے صدر و رکن قومی اسمبلی چودھری ریاض الحق جج ، لیگی رکن پنجاب اسمبلی چوہدری منیب الحق ،پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما سید علی حسنین نقوی ،تحریک انصاف کے رہنما محمد اشرف خان سوہنا اور دیگر نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کو ضمانت ملنے سے حق و انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں