بھارت کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی شدت میں اضافہ سامنے آیا ہے، نئی دہلی میں ایک ہی دن میں کورونا کیسز اور اموات میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش، گجرات اور راجستھان کے متعدد اضلاع میں رات کے دورانیے میں کرفیو نافذ ہے جبکہ مدھیہ پردیش میں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتٍ حال کے پیشِ نظر 31 دسمبر تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز اور اموات کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے جس کے مطابق نئی دہلی میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 5 ہزار 879 کیسز اور111 اموات رپورٹ ہوئیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ نئی دہلی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جس میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 18 لاکھ ہے۔