پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب ٹوکیو میں منعقد ہوئی جس میں پیپلز پارٹی جاپان کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی جاپان کے صدر شاہد مجید نے کہا ہے کہ ملتان کے کامیاب جلسے نے ثابت کر دیا کہ نیازی حکومت گھر جانے والی ہے، تبدیلی کا خواب دکھا کر لوگوں کو مہنگائی بے روزگاری اور غربت بانٹنے والے حکمرانوں کا گھر جانا اب نوشتہ ء دیوار بن گئی ہے۔
پی پی جاپان کی یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان میں عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر حکمران یوٹرن لے گی عمران نیازی نے عوام کو اڑھائی سال میں مہنگائی بے روزگاری اور غربت کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے اور ان کا طرز عمل سراسر آمرانہ ہے لیکن حکومت سے بے زار عوام کامزاج بتا رہا ہے کہ وہ اب موجود ہ حکمرانوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے تمام جلسے پر امن شاندار اور کامیاب رہے ہیں، ملتان کے بعد اب لاہور کا بھی جلسہ تاریخی ہوگا۔
اُن کا کہنا ہے ملتان میں حکومت نے کوروناوائرس کی آڑ لے کر جلسے کو روکنے کی کوشش مگر کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش نہ کی۔
انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس سے بڑی بیماری ہے جس کا حل اور علاج صرف حکومت کے خاتمے پر ہے۔
پی پی کے یوم تاسیس کے اجلاس میں جنرل سیکریٹری مرزا خلیل بیگ، سیکریٹری اطلاعات یوسف علی، سابق صدر نعیم آرائیں، سینئر رہنما یاسر گیلانی، محمد انیس ظہیر بٹ، حبیب اللّٰہ، محمد انور، محمود احمد، حسن مرزا سائیں سلیم شیرو سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔