پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف جاپان کی معروف کاروباری و سماجی تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
جاپان کی معروف کاروباری و سماجی تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل نے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دو دہائیوں سے جاری دہشت گردی، خراب معاشی حالات اور کرپشن کے باعث پہلے ہی نہ تو کھیلنے کے لیے میدان بچے ہیں اور نہ ہی نوجوانوں کے لیے ایسی سرگرمیاں موجود ہیں جس سے نوجوان اپنے وقت کا بہترین استعمال کرسکیں ، ٹک ٹاک جیسی ایپلی کیشن کے ذریعے نہ صرف نوجوان بلکہ بڑے بچے اور بوڑھے بھی صحت مند تفریح سے لطف اندوز ہورہے تھے۔
ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا اور ان جیسے نوجوانوں نے ٹک ٹاک کی بدولت ہی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے جبکہ جنت مرزا نےٹک ٹاک پر دس ملین فالوورز حاصل کرکے پاکستان میں نوجوانوں کو صحت مند تفریح کی جانب راغب کیا ہے۔
پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کیخلاف جاپان میں احتجاج
ایسے موقع پر حکومت نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ٹک ٹاک ایپلی کیشن پر پابندی لگا کر ایک طرف تو چین جیسے دوست ملک کو ناراض کیا ہے جبکہ دوسری جانب امریکا کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔
کیونکہ امریکا اور بھارت پہلے ہی ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرچکے ہیں لہذا چین کو ناراض کرکے امریکا کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو قابل افسوس امر ہے۔
پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کیخلاف جاپان میں احتجاج
اس حوالے سے رانا عابد حسین نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ٹک ٹاک سے پابندی کا خاتمہ کرکے پاکستانی عوام کو صحت مند تفریح کی سہولت فراہم کرے تاکہ پاکستانی نوجوان نسل غلط راستے پر جانے کے بجائے صحت مند تفریح پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔