دفاعی چیمپئن، پاک بحریہ نے 17طلائی، 17چاندی اور 11 کانسی کے تمغے جیت کر قومی شوٹنگ چیمپئن شپ کا اعزاز مسلسل تیسری بار اپنے نام کرلیا۔
27ویں قومی شوٹنگ چیمپئن شپ 2020ء کا انعقاد آرمی مارکس مین یونٹ جہلم میں ہوا۔ قومی سطح کے سالانہ ایونٹ میں قومی سطح کی تمام ٹیمیں فاتح کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے شرکت کرتی ہیں۔
دفاعی چیمپئن، پاک بحریہ نے 17طلائی، 17چاندی اور 11 کانسی کے تمغے جیت کر قومی شوٹنگ چیمپئن شپ کا اعزاز مسلسل تیسری بار اپنے نام کیا جب کہ پاک آرمی کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی اور پاک فضائیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ 23 ڈویژن میجر جنرل شاہد امتیاز نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ ایک ہفتے جاری رہنے والے اس ایونٹ کو نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تحت منعقد کیا گیا جس کی میزبانی پاکستان آرمی نے کی۔
آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب، سندھ، واپڈا، اے ایس ایف، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے 300 سے زائد شوٹرز نے اس مقابلے میں حصّہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
مقابلے کے دوران، رائفل اور پسٹل کیٹگری میں پاک بحریہ کے شوٹرز کی جانب سے چار نئے قومی ریکارڈز بھی بنائے گئے جن میں ذیشان شاکر فرید CPO/PTI، نادرہ رئیس CPO/PTI، رابعہ کبیر AB/PT اور انس رفیع (جونیئر) نے بالترتیب ائیر رائفل مین، پرون رائفل ویمن، 25 میٹر پسٹل ویمن اور ائیر رائفل مین یوتھ کیٹگری میں نئے قومی ریکارڈ بنائے۔
مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں تمام کھلاڑیوں، جیوری اور منتظمین کی کاوشوں اور خدمات کو سراہا۔