ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد105,197 ہوگئی ہے جبکہ لاہور میں 139، راولپنڈی میں 36 اورملتان میں 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں کوروناوائرس سے مزید 8 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ کُل اموات 2,380 ہوگئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں اب تک 1,621,936 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 97,515 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 26 ہزار 565 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 45 لاکھ 41 ہزار 392 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 5فیصد تک پہنچ گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 313 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 18 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 614 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔