ٹیکساس: معذوری کی شدت بسا اوقات ہاتھ اور پیروں کو مفلوج کردیتی ہے۔ اس ضمن میں دماغ سے چلنے والی ایک وھیل چیئر بنائی گئی ہے جو دماغ سے کنٹرول ہوتے ہوئے پرہجوم کمرے میں کسی سے ٹکرائے بغیر اپنی منزل تک پہنچ سکتی ہے۔
اگرچہ یہ وھیل چیئر، فی الحال کسی مصروف سڑک اور ٹریفک میں نہیں چل سکتی تاہم اسے تین ایسے افراد پر آزمایا گیا ہے جو دونوں ہاتھوں اور دونوں پیروں سے یکساں معذور تھے اور کسی لیور کو ہلانے کے بھی قابل نہ تھے۔ انہیں وھیل چیئر پر بٹھا کر ایک ہال میں لایا گیا تو وہ دماغ کے سگنل سے سے وہ باآسانی وھیل چیئر چلانے لگے۔
پہیوں والی خودکارکرسی کو چلانے کے لیے دو طریقے استعمال کئے جاتے رہے ہیں، اول مریض کو اسکرین پر روشنی کا ایک نقطہ دیکھنے کو کہا جاتا ہے اور اس عمل کو اے آئی سے گزار کر وھیل چیئر کی موٹر چلتی ہے۔ لیکن اس طرح دیکھنے والے کو مسلسل نظر جمانی پڑتی ہے جو اکتاہٹ کی وجہ بنتی ہے۔ دوم دماغ میں الیکٹروڈ لگا کر براہِ راست دماغی سگنلوں کو پڑھا جاتا ہے اور مریض جو سوچتا ہے مشین اسے کرسی بھگانے میں استعمال کرتی ہے۔ لیکن اول اس میں تربیت اور دوم سرجری کی ضرورت بھی ہوتی ہے جو تکلیف دہ عمل ہے۔
اب جامعہ ٹیکساس کے سائنسداں ہوزے میلان نے ایک تیسرا طریقہ دریافت کیا ہے۔ انہوں نے ایسے افراد بھرتی کئے جن کےہاتھ اور پیروں میں معمولی جنبش تھی یا بالکل ہی نہیں تھی۔ انہیں کمپیوٹر برین انٹرفیس ٹیکنالوجی کی بدولت تربیت دی گئی اور مائنڈ کنٹرول سے وہ آسانی سے وھیل چیئر چلانے کے قابل ہوگئے۔
ہرمریض کی ٹوپی میں 31 الیکٹروڈ نصب تھے جو صرف کھوپڑی کے اس حصے پر لگے تھے جہاں حرکات و سکنات کے سگنل پیدا ہوتے ہیں اور اس میں کسی آپریشن یا جراحی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہماری کھوپڑی میں سینسری میٹر کارٹیکس اس میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے سگنل لیپ ٹاپ گئے جہاں انہیں بڑھا کر وھیل چیئر تک پہنچایا گیا۔
وھیل چیئر کو دائیں موڑنے کے لیے کہا گیا کہ وہ دونوں ہاتھوں کو ہلانے کا خیال دماغ میں لائیں، اور بائیں جانب مڑنے کے لیے دونوں پیروں کو حرکت دینے کا سوچیں اور اگر ایسا نہیں کرتے تو وھیل چیئر دھیرے دھیرے خود بالکل سیدھی چلتی چلی جائے گی۔
شروع میں درستگی کی شرح کم تھی لیکن تربیت اور مزید سیشن کے بعد مریض وھیل چیئر کو 87 فیصد درستگی سے چلانے کے قابل ہوگئے اور وہ بھی صرف اپنے سوچ کے بل بوتے پر آگے بڑھتے رہے۔
اگرچہ یہ کام ابتدائی مراحل میں لیکن مائنڈ کنٹرول وھیل چیئر کے ضمن میں ایک غیرمعمولی پیشرفت بھی ہے۔