کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے اغوا ہونے والی ساڑھے تین سالہ بچی سائرہ مل گئی۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق بچی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے گھر کے قریب سے لاپتہ ہوگئی تھی۔
سہیل فیض کا کہنا تھا کہ بچی کے والد کریم خان کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس نے سہراب گوٹھ اور نواحی بستیوں کی ناکا بندی کرلی تھی جبکہ عارضی رہائشی مقامات، ہوٹلز اور سرائے خانوں پر چھاپے بھی مارے گئے۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کے مطابق پولیس نے کئی مشتبہ گھروں اور دیگر مقامات کی بھی تلاشی لی، تاہم اس دوران بچی کو اغوا کرنے والے ملزمان پولیس کا گھیرا تنگ دیکھ کر بچی کو چھوڑ گئے۔
سہیل فیض نے بتایا کہ یہ بچی سہراب گوٹھ کے قریب قیوم آباد قبرستان سے ملی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بازیاب ہونے والی بچی خیریت سے ہے اور اسے لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔