کراچی کو اس کے چوکیداروں نے لوٹا، مصطفیٰ کمال

کراچی کو اس کے چوکیداروں نے لوٹا، مصطفیٰ کمال 116

پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو اس کے چوکیداروں نے لوٹا ہے۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ کراچی کو کسی امداد کی ضرورت نہیں، یہ شہر پورے پاکستان کو پالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو اس شہر کے چوکیداروں نے لوٹا ہے، اپنی کرپشن چھپانے کے لیے صوبےکا نعرہ لگایا جارہا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ صوبہ بنانے کے لیے اسمبلی میں ان کے پاس اکثریت نہیں۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کراچی سے مخلص ہیں تو شہر میں مردم شماری ٹھیک کروائیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کی ایک ڈسٹرکٹ کی حیثیت بحال کی جائے، کراچی کے انتظامی ٹکڑے عوام کو نامنظور ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سے ہمیں کوئی امید نہیں تھی، پیپلز پارٹی نے اندرون سندھ بھی سندھیوں کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔

کراچی کے وفاقی حکومت کے پیکیج پر تبصرہ کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو پیکج دینا ایسا ہے جیسے مزدور کی پوری تنخواہ لے کر اسے بریانی کی تھیلی دے دی جائے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی پیکج نہیں اپنے حقوق مانگ رہا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے خبردار کیا کہ ہمارے جائز مطالبات نہیں سنے گئے تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ یہ اختیار کا مسئلہ نہیں بلکہ کردار کا مسئلہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں