کورونا وائرس: سب سے زیادہ اموات کراچی کے کس ضلع میں ہوئیں؟

73

کراچی میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات ضلع شرقی میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

محکمۂ صحت سندھ کے مطابق 728 افراد کورونا وائرس سے اب تک ضلع شرقی میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

محکمۂ سندھ نے بتایا ہے کہ دوسرے نمبر پر ضلع وسطی میں 478 افراد کا کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوا۔

محکمۂ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ تیسرے نمبر پر ضلع جنوبی میں 356 افراد کورونا سے چل بسے۔

چوتھے نمبر پر کراچی کے ضلع کورنگی میں 274 افراد کورونا وائرس سے جان کی بازی ہارے۔

محکمۂ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ 230 افراد کا کراچی کے ضلع غربی میں کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوا ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کا یہ بھی کہنا ہےکہ مٹیاری، ٹنڈو اللّٰہ یار، ٹنڈو محمد خان اور عمر کوٹ میں کورونا وائرس سے سب سے کم 3، 3 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 45 ہزار 475 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 625 ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 806 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 12 ہزار 121 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 669 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں