کورونا ویکسین 95 فیصد موثر، دسمبر سے استعمال کی اجازت ہوگی

62

لندن (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکا کی فائزر اور جرمنی کی بائیو این ٹیک کمپنی نے کورونا وائرس کیخلاف اپنی ویکسین کا ٹرائل مکمل کرلیا ہے ، کمپنیوں کے مطابق حتمی نتیجے کے مطابق ویکسین بیماری سے تحفظ کیلئے 95فیصد موثر ہے ، اس طرح یہ دنیا کی پہلی ویکسین بن گئی ہے جس کے آخری مرحلے کے ٹرائل کو مکمل کرکے حتمی نتائج جاری کردیئے گئے ہیں،جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے سربراہ اغور شاہین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین دسمبر تک استعمال کی اجازت ہوگی ، ان کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ امریکی اور یورپی مبصرین دسمبر کے وسط تک ویکسین استعمال کرنے کی اجازت دے دیںگے، دونوں کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے ایمرجنسی استعمال کی منظوری حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کرائیں گی۔ ادھر امریکا کی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اعلان کے بعد دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، نیویارک کی اسٹاک

مارکیٹ ڈاو میں 0.5فیصد اضافہ ، یورپی مارکیٹوں فرینکفرٹ اورپیرس کی اسٹاکس بھی 0.5فیصد بڑھ گئی جبکہ لندن کی اسٹاک میں 0.3فیصد اضافے کا رحجان رہا ، ویکسین کے اعلان کے بعد فائزر کے شیئرز میں 1.9فیصد جبکہ بائیو این ٹیک کے شیئرز 4.7فیصد بڑھ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں