کور کمانڈرز کانفرنس: بھارتی فائرنگ سے شہریوں کو بچانے کے اقدامات کا اعادہ

60

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کور کمانڈرز نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہریوں کو بچانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوا۔ کانفرنس میں جیو اسٹراٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے داخلی و بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تبادلہ خیال اور افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بھارتی کوششوں کے ناقابل تردید شواہد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کور کمانڈرز نے بھارت کی جانب سے سی پیک کو سبوتاژ کرنے، دہشت گرد تنظیموں کی مالی اعانت کرنے، پاکستان میں بدامنی پھیلانے بالخصوص آزاد کشمیر، جی بی اور بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کو تربیت دینے کے بھارتی اقدامات کو خطے میں امن و سلامتی کے منافی قرار دیا۔

کانفرنس میں بھارتی قابض فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور دانستہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا جائزہ لیا گیا اور ایل او سی کے ساتھ شہری آبادیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کا عزم دہرایا، کور کمانڈرز نے کسی بھی مذموم کاروائی کے خلاف مادر وطن کے بھر پور دفاع کا عزم کیا۔

کانفرنس میں COVID-19 کی دوسری لہر کے بعد پیدا شدہ صورت حال اور ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ آرمی چیف نے خصوصی طور پر تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ قومی کوششوں کی حمایت کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام داخلی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیلنجز کو پاکستانی عوام کے استحکام اور خوشحالی کے مواقع میں بدلیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں