رواں برس جون کے آخر میں اچانک سے شادی کی خبر دے کر چونکا دینے والے گلوکار ہارون کی اہلیہ فروا نے انکشاف کیا ہے کہ ہارون نے ملاقات کے محض 2 ہفتے بعد ہی انہیں شادی کی پیشکش کردی تھی۔
47 سالہ گلوکار ہارون کی اہلیہ نے انسٹا گرام پر ہارون سے پہلی ملاقات، محبت میں گرفتار ہونے اور بات شادی تک پہنچ جانے کے حوالےسے اپنی پیار بھری کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
فروا نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ’میری اور ہارون کی پہلی ملاقات سال 2014 میں ہوئی تھی، ہمارا ایک دوسرے سے تعارف میری کزن کے توسط سے ہواتھا، اس ملاقات کے بعد ہم سوشل میڈیا اور فون پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ہارون کے ساتھ مل کر بہت سے منصوبے بنائے لیکن کبھی ملاقات کا موقع نہیں ملا اور ہم یہاں وہاں اپنی زندگیوں میں مصروف ہوگئے۔
ہارون اور فروہ نے بالآخر رواں برس چند ملاقاتیں کیں، فروہ کے مطابق ’ہم نے چند ملاقاتیں کیں اور ایک دوسرے کوجاننے لگے، صرف 2 ہفتوں بعد ہارون نے پروپوز کیا اور یہ اعتراف کیا کہ وہ مجھے پسند کرنے لگے ہیں۔‘
فروا نے لکھا کہ ہارون کے یوں یکدم اعتراف نے مجھے حیران کردیا ، میں نے خوشی سے حیرت زدہ ہوکر ہاں کہہ دی۔‘
گلوکار کی اہلیہ نے بتایا کہ جو ہم آہنگی میں نے ہارون کے ساتھ محسوس کی، پہلے کبھی نہیں کی تھی۔
فروا کا کہنا تھا کہ ہارون سے چند ملاقاتوں کے بعد ہی میں فوری طور پر جان گئی کہ ہم ایک دوسرے کیلئے بنے ہیں۔ مجھے یہ بات اچھی لگی کہ ہارون نےکوئی تعلق رکھنے کے بجائے شادی کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم نے وقت ضائع نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چند ہفتوں میں شادی کا فیصلہ کیا ۔
خیال رہے کہ 47 سالہ ہارون نے فروا نامی لڑکی سے شادی کی، شادی کی تقریب کا اہتمام گھر میں ہی کیا گیا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔
ہارون نے اپنی زندگی کے اس بڑے دن سفید کُرتے پاجامے کے اوپر گولڈن ویسٹ کوٹ زیب تن کیا جبکہ دلہن فروا نے گولڈن وائٹ میکسی نما فراک کا انتخاب کیا۔ دلہن نے میک اپ میں بھی سادگی ہی اختیار کی اور صرف پھولوں کی جیولری ہی پہنی۔