ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ تمام کمرشل بینک ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے آج رات 9 بجے تک کھلے رہے گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے تمام فیلڈ دفاتر ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ٹیکس گزار رات بارہ بجے تک آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں۔ تمام ذیلی دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع سے متعلقہ درخواستیں وصول کرنے کے لئے ہیلپ ڈیسک تشکیل دیں۔
ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ چیف کمشنر کوموصول ہونے والی تاریخ میں توسیع سے متعلق ایک درخواست کے ذریعے کئی ٹیکس گزاروں کو توسیع دی جا سکے گی، بشرطیکہ ٹیکس گزار کا نام، شناختی نمبر، این ٹی این اور حدود کی نشاندھی کے بارے میں بتایا گیا ہو۔ گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے لئے آن لائن درخواست بھی قابل قبول ہو گی۔
ترجمان کے مطابق چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے سے متعلقہ تاریخ میں توسیع کی درخواستوں پر فراخ دلی کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان کے مطابق زیادہ سے زیادہ تعداد میں متوقع گوشوارے داخل کرنا آسان بنانے کے لئے IRIS سسٹم کو بھی بہتر کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے متعلقہ ایف بی آر سے منسوب خط جعلی ہے۔ تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔









