اسلام آباد (نمائندہ جنگ/اے پی پی ) ملک کے بالائی علاقے بدستورشدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، گزشتہ روز ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام منفی12، لہہ ،زیارت منفی11، استور،گوپس،قلات منفی 10، کوئٹہ منفی9، اسکردو منفی7، گلگت،ہنزہ منفی6، دالبندین، مالم جبہ اور پارا چنار میں منفی 5سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ ،نارووال ، حافظ آباد ، گجرات،لاہور،فیصل آباد،اوکاڑہ، بہاولنگر اورساہیوال میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کے چھائے رہنے کی توقع ہے تاہم ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہینگے۔دریں اثناء ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر خالد ملک نے کہا کہ حالیہ بارش اور برفباری کی وجہ سے آنیوالے دنوں میں وفاقی دارلحکومت میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ بارش کے نتیجہ میں شہر میں دھند بھی کم ہو گی۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت کم ہو گا۔
بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور نتھیا گلی کے سیاحتی مقامات پر بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہو سکتا ہے۔









