واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا میانمار کے فوجی انقلاب کے لیڈروں پر پابندیاں عائد کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میانمار کی فوج نومبر کے انتخابات میں عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اقتدار سے الگ ہو جائے۔صدر بائیڈن نے بدھ کووائٹ ہاؤس میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکومت، میانمار کے فوجی جنرلز کی برمی حکومت کے ایک ارب ڈالر کے فنڈز تک غیر مناسب طریقے سے رسائی روکنے کے لئے اقدام کر رہی ہے۔انہوں نے ایک ایگزیکٹیو آرڈر کی منظوری بھی دے دی ہے جو امریکا کی جانب سے ان فوجی لیڈرز پر جنہوں نے فوجی انقلاب منظم کیا تھا، ان کے کاروباری مفادات اور ان کے قریبی رشتے داروں پر فوری طور پر پابندیاں عائد کر دے گا۔صدر نے کہا کہ اس ہفتے اہداف کے پہلے سلسلے کی نشاندہی کر دی جائے گی اور یہ کہ ہم ان امریکی اثاثوں کو منجمد کر کے، جن سے میانمار کی حکومت کو فائدہ پہنچتا ہے، برآمدات پر سخت کنٹرول بھی نافذکریں گے جب کہ صحت کی دیکھ بھال، سول سوسائٹی کے گروپس اور ان دوسرے شعبوں میں
اپنی مدد برقرار رکھیں گے جن سے برما کے لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچتا ہے۔









