امیتابھ اپنا یوم پیدائش سال میں دو مرتبہ کیوں مناتے ہیں؟

121

بالی ووڈ کے شہنشاہ اور بگ بی کے نام سے مشہور اداکار امیتابھ بچن نے اپنی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر انکشاف کیا کہ وہ سال میں دو مرتبہ اپنا یوم پیدائش مناتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے گزشتہ روز یعنی 11 اکتوبر کو اپنی 78 ویں سالگرہ بہت دھوم دھام سے منائی، اس موقع پر اُن کے مداحوں کی بڑی تعداد اُن کے بنگلے نما گھر کے باہر موجود تھی اور اُن کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔

امیتابھ اپنا یوم پیدائش سال میں دو مرتبہ کیوں مناتے ہیں؟
امیتابھ بچن نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ سال میں دو مرتبہ اپنا یوم پیدائش مناتے ہیں، اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 1982 میں فلم ’قلی‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ ایک حادثے کا شکار ہوگئے تھے، فلم کا ایک سین تھا جو امیتابھ کے ڈوپلیکیٹ پر فلمایا جانا تھا لیکن اُس سین کو امیتابھ نے خود ہی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اُس سین میں اداکار کو ٹیبل سے نیچے زمین پر گرنا تھا، جیسے ہی وہ ٹیبل سے نیچے گر رہے تھے ٹیبل کا ایک کونا اُن کی پیٹ میں لگ گیاجس سے اُن کی تلی پھٹ گئی۔ تلی پھٹ جانے کی وجہ سے امیتابھ کے جسم سے کافی خون بہہ گیا، وہ شدید درد سے تڑپ رہے تھے جس کے بعد اُنہیں فوری اسپتال لے جایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے سرجری کرکے امیتابھ بچن کے جسم سے تلی نکال دی، اس کے بعد بھی اُن کی حالت بہت خراب تھی، بتایا جاتا ہے کہ امیتابھ کچھ منٹوں کے لیے جیسے پوری طرح مردہ ہی ہوگئے تھے، پھر ڈاکٹرز نے اُن کے دل میں ایک انجکشن لگایا جس کے بعد وہ ہوش میں آئے۔

اُس حادثے کے بعد سے امیتابھ بچن کے اہل خانہ ، قریبی ساتھیوں اور مداحوں نے اس دن کو اُن کا دوسرا جنم دن مان لیا تھا، اور تب سےہی اُنہیں 2 اگست کو بھی سالگرہ کی مبارک باد دی جاتی ہے۔

امیتابھ 78 سال کی عمر میں بھی کافی ایکٹو نظر آتے ہیں، وہ اپنے سے کم عمر کے ہیرو کو ایسی زبردست ٹکر دیتے ہیں کہ دیکھنے والا حیران رہ جائے۔ اس کے علاوہ وہ روزانہ’کون بنےگا کروڑ پتی کے سیزن 11 ‘اور فلموں کی شوٹنگ کے لیے گھنٹوں کام کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ سے متعلق ایک اور بڑا انکشاف ہوا ہے کہ وہ فلموں میں بھلے ہی سیگریٹ کرتے اور شراب پیتے نظر آتے ہیں لیکن حقیقی زندگی میں وہ سیگریٹ اور شراب نوشی سے دور رہتے ہیں اور وہ خود اس بات کو اپنی فٹنیس کا سبب مانتے ہیں۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن 11 جولائی کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے نانا وتی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

23 دن زیر علاج رہنے کے بعد کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر 3 اگست کو انہیں گھر بھیج دیا گیا تھا۔

امیتابھ بچن کے علاوہ اُن کے بیٹے اور اداکار ابھیشک بچن، اُن کی بہو اور ابھیشک کی اہلیہ ایشوریہ رائے بچن اور اُن کی بیٹی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں