پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور نامور اداکارہ جویریہ عباسی کی بہن انوشے عباسی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتادیا کہ انہوں نے اپنا وزن کیسے کم کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ انوشے عباسی نےاپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پہلے ڈراموں میں آتی تھیں اور اُس وقت جب وہ کسی سے ملتی تھیں تو ہر کوئی اُنہیں یہی کہتا تھا کہ آپ اسکرین پر بہت موٹی لگتی ہیں جبکہ دکھنے میں آپ پتلی ہیں۔
انوشے عباسی نے کہا کہ میں نے کم عمری سے ہی کام کرنا شروع کردیا تھا، میرا پہلا ڈرامہ 16 سال کی عمر میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا جس میں میں نے ایک چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے کام کیا تھا۔ اُس وقت مجھے جو بھی پیسے ملتے تھے میں اُسے کھانےپینے میں خرچ کردیا کرتی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میں نے اپنی پہلی فلم ’ایکٹر ان لا‘ کی اور اُس کے بعد جب میں نے اپنے آپ کو بڑی اسکرین پر دیکھا تو مجھے اچھا نہیں لگا، یہ وہ لمحہ تھا جب میں نے فیصلہ کیا کہ میں اب سے ڈائٹنگ کروں گی اور اپنا وزن کم کروں گی۔
انوشے نے بتایا کہ انہوں نے سب سے پہلے اپنے کھانے پینے کا ٹائم تبدیل کیا، اُنہیں ورزش کرنا بالکل پسند نہیں تھا لہذا انہوں نے تیراکی کرنا شروع کی اور اس طرح اپنا وزن کم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے میٹھی چیزیں زیادہ پسند نہیں ہیں لیکن میں جنک فوڈ اور مشروبات کی دیوانی ہوں، اداکارہ نے کہا کہ اپنی غذا کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے اب میں سب کچھ کھاتی ہوں، غذا کو کنٹرول کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ غذا کاہماری صحت پر سب سے زیادہ اثر پڑتا ہےاور اس کے ساتھ ساتھ ہلکی پھلکی ورزش بھی ضروری ہے۔
انوشے عباسی نے بتایا کہ انہوں نے ناشتے میں کچھ کھانے کے بجائے صحت بخش مشروب پینے کو ترجیح دی، دوپہر کے کھانے میں اُبلی ہوئی سبزیوں کا استعمال کیا اور ساتھ میں دہی بھی لے لیا کرتی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ میں صحت مند غذائیں کھانا پسند کرتی ہوں۔
اپنے انٹرویو کے اختتام میں انہوں نے مزید کہا کہ اب جب بھی میں اپنی کوئی تصویر سوشل میڈیا پر لگاتی ہوں تو ہر کسی کا ایک ہی سوال ہوتا ہے کہ آپ نے اپنا وزن کیسےکم کیا؟ آپ ہم سے اپنا یہ سفر شیئر کریں وغیرہ۔