امریکا کی معروف اسمارٹ فونز کمپنی ایپل ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنا نیا آئی فون متعارف کروانے جارہی ہے جس کا نام ’آئی فون 12‘ ہے لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر اِس نئے آئی فون ایپل 12کی لاؤنچنگ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
ایپل کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ آئی فون ایپل 12رواں سال 15ستمبر کو لاؤنچ کیا جائے گا جس کے لیے گزشتہ روز خصوصی ایونٹ بھی کیا گیا لیکن ایونٹ ختم ہونے کے بعد آئی فون 12خریدنے کے شوقین افراد کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ایونٹ میں آئی فون 12 کے بجائے نئی ایپل واچ 6، ایپل واچ ایس ای اور آئی پیڈز کو متعارف کروایا گیا۔
تاہم ابھی تک آئی فون 12 کو متعارف کروانے کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ کچھ افواہوں کے تحت توقع کی جارہی ہے کہ ایپل کمپنی اپنا نیا آئی فون 12 رواں سال 13 یا 14 اکتوبر کو متعارف کروائے گی۔
توقع کی جارہی ہے کہ نئے آئی فون کو بڑے پیمانے پر آئی فون 12 کے نام سے جانا جائے گا لیکن اس میں مختلف سائز ہوسکتے ہیں جبکہ متعدد تجزیہ کاروں نے چار نئے آئی فونز کی توقع کی ہے۔
یہ آئی فون 12 ہوں گے جس میں 5.4 انچ کی اسکرین اور 6.1 انچ کی ڈسپلے اسکرین ہوگی۔
اس سیریز میں سب سے بڑا آئی فون 12 پرو میکس ہوگا جو 6.7 انچ ڈسپلے کے ساتھ آئے گا جبکہ یہ فونز ٹرپل ریئر کیمرے اور 5 جی کنیکٹوٹی کے ساتھ آئے گا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ نئے آئی فونز اس وقت گہرے نیلے رنگ کے نئے آپشن کے ساتھ آئیں گے۔
بیٹری کی بات کریں تو نئے آئی فون کی بیٹری 4 ہزار 400 (mAH) کی ہوگی ہےجو کہ پچھلے آئی فونز سے کافی بڑی ہے۔
نیا آئی فون جدید کیمرہ ٹیکنالوجی کے ساتھ بھی آئے گا جو 2 گنا زوم کے بجائے 3 گنا زوم پیش کرے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ یہ نیا آئی فون بغیر آڈاپٹر والے چارجر کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا یعنی اس آئی فون کو چارج کرنے کے لیے آڈاپٹر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یہ نئے آئی فون اسٹوریج کی مختلف سطحوں کے ساتھ آئیں گے جو 128جی بی، 256جی بی اور 512 جی بی کے ہوں گے اور اسٹوریج کے حساب سے ہی ہر ایک ماڈل کی ایک دوسرے سے مختلف قیمت ہوگی۔