بیلجیئم، کورونا وائرس کیسز میں اچانک 72فیصد تک اضافہ

134

بیلجیئم میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اچانک 72 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے ادارے سائنسانو کے مطابق گذشتہ 7 دنوں میں یعنی 30 ستمبر سے لے کر 6 اکتوبر تک تین ہزار کے قریب روزانہ نئے مریض سامنے آئے ہیں جس میں برسلز ریجن گورنمنٹ کے سربراہ روڈی ویروورٹ اور فنانس منسٹر سوین گاٹز بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو 7 دن کے لیے قرنطینہ کرلیا ہے۔

اس ہفتے میں پیر کا دن بہت پریشان کُن تھا جب ایک ہی دن میں 4600 نئے مریض سامنے آئے۔

ادارے کے مطابق اس وقت تک بیلجیئم میں پہلے دن سے لے کر آج تک کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 143596 ہوگئی ہے، اسی دوران اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ سامنے آیا ہے۔

نئی ہلاکتوں کی تعداد روزانہ 12.1 ہوگئی ہے جوکہ گذشتہ ہفتے 9.6 تھی ۔

اس طرح بیلجیئم میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10126 ہوگئی ہے ۔

دوسری جانب بیلجیئم کی فیڈرل گورنمنٹ اور دارالحکومت برسلز کی ریجنل گورنمنٹ دونوں نے اس اضافے کے پیش نظر نئی حفاظتی پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اپنے پہلے سے جاننے والے قریبی افراد کے علاوہ صرف 3 نئے لوگوں سے سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ملاقات کی جا سکے گی۔

اپنے گھر پر صرف 4 افراد کو مدعو کیا جا سکے گا اور تمام کیفے اور بار رات 11 بجے بند کردیے جائیں گے، ہر ٹیبل پر صرف 4 افراد ہوں گے ۔

دوسری جانب برسلز ریجنل گورنمنٹ نے جمعرات سے تمام کیفے اور بار ایک ماہ کے لیے مکمل طور پر بند کر دیے ہیں ۔

اداروں سے کہا گیا ہے کہ جہاں ممکن ہو وہاں ملازمین گھر سے کام کریں جبکہ تمام ضروری پبلک مقامات پر ہائی جین، سوشل ڈسٹینسنگ اور فیس ماسک پہننا ضروری ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں