بیلجیئم میں عام انتخابات کے 493 دن کے بعد نئی حکومت کے لیے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ اس اتفاق رائے کے نتیجے میں بننے والی حکومت کل (جمعرات کے روز) حلف اٹھائے گی۔
فلامش جماعت اوپن وی ایل ڈی سے تعلق رکھنے والے الیگزینڈر دی کرو ملک کے وزیرِاعظم کی حیثیت سے باگ دوڑ سنبھالیں گے، جبکہ ان کے ساتھ 7 وزیر فلامش اور 7 ہی فرنچ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہوں گے۔
جن 7 جماعتوں نے حکومت بنانے کے لیے تاریخ کی طویل ترین گفتگو کے بعد اتفاق کیا ہے ان میں فلامش اور فرانکو فون سوشلسٹس، ایم آر، دونوں کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے گرینز، ایکولو اور فلامش لبرل پارٹی اور اوپن وی ایل ڈی شامل ہیں۔
حکومت کی حلف برداری کی تقریب کورونا کی صورتحال کے باعث یورپین پارلیمنٹ میں منعقد کی جائے گی، تاکہ اس میں بیلجئین فیڈرل پارلیمنٹ کے سارے 150 ارکان شریک ہوسکیں۔
یاد رہے کہ بیلجیئم میں انتخابات 26 مئی 2019 کو منعقد ہوئے تھے، جس میں فلامش نیشنلسٹ جماعت این وی اے نے سب سے زیادہ 25 سیٹیں حاصل کی تھیں لیکن نئی بننے والی حکومت میں انہیں ایک طرف کردیا گیا ہے۔