بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور اُن کی اہلیہ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ وہ اس سال اپنی شادی کی سالگرہ نہیں منا رہے کیونکہ اُنہوں نے اپنے دو بھائیوں کو کھویا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر دلیپ کمار نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر اپنی اہلیہ سائرہ بانو کا پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ٹوئٹ اصل میں سائرہ بانو خان کا پیغام ہے جس میں اُنہوں نے ہمارے چاہنے والوں کو ایک اہم اعلان سے آگاہ کیا ہے۔‘
سائرہ بانو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’11 اکتوبر ہمیشہ سے ہی میری زندگی کا خوبصورت دن رہا ہے کیونکہ اس دن دلیپ صاحب نے مجھ سے شادی کی تھی اور میرے خوابوں کو پورا کیا تھا۔‘
دلیپ کمار کی اہلیہ نے کہا کہ’ہم اس سال ہماری شادی کی سالگرہ نہیں منا رہے ہیں کیونکہ ہم نے گزشتہ دنوں ہی ہمارے دو بھائیوں اسلم خان اور احسن خان کو کھویا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس نے بہت سی جانیں لے لیں اور یہ وبائی مرض بہت سارے خاندانوں میں غم کا باعث بنا، موجودہ حالات میں ہم آپ سب سے اور اپنے پیارے دوستوں سے ایک دوسرے کی سلامتی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ دلیپ کمار نے رواں سال اپنے دو بھائیوں کو کھویا ہے۔ ان کے دونوں بھائی کورونا وائرس کاشکار ہوئے تھے۔
دلیپ کمار کے 88 سالہ بھائی اسلم خان 21 اگست کو انتقال کرگئے تھے جبکہ اُن کے دوسرے بھائی احسان خان نے 2 ستمبر کو اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں، یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کی یہ معروف جوڑی اس سال اپنی شادی کی سالگرہ نہیں منا رہی۔
خیال رہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو 11 اکتوبر 1966 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔