بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ سوارا بھاسکر کی جانب سے سُشانت سنگھ راجپوت کے قتل کے الزام میں گرفتار سُشانت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو رہا کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
آنجہانی ہیرو سُشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی نے آدھی سے زائد بھارتی فلم انڈسٹری کو تحقیقات کی لپیٹ میں لے رکھا ہے، یکے بعد دیگرے کُھلنے والے نئے کیسز میں اس وقت بالی ووڈ کے بڑے نام تحقیقاتی ادارے سی بی آئی میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔
سُشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی بھی سشانت کی خود کشی میں ملوث اور منشیات استعمال کے الزامات میں تاحال گرفتار ہیں۔
ریا چکروتی کی رہائی سے متعلق بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ سوارا بھاسکر کی جانب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’سشانت سنگھ راجپوت کی نئی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سُشانت کی موت خود کشی کے نتیجے میں ہوئی، آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کے ڈاکٹر وں کی جانب سے تشکیل دی گئی رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ قتل کے شواہد نہیں ملے ہیں، سُشانت نے خود کشی کی، ایسے میں ریا رہا کر دینا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی پر تشکیل دی گئی نئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قتل کے امکان کو رد کرتے ہوئے خودکشی قرار دے دیا گیا ہے۔
آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کے ڈاکٹر سدھیر گپتا کی جانب سے سُشانت سنگھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا دوبارہ جائزہ لیا گیا تھا اور قتل کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے رد کر دیا گیا تھا۔