سعودی عرب کے وزیر برائے سیاحتی امور احمد الخطیب نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزوں کا اجرا اگلے سال کے آغاز سے کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مملکت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے حفاظتی تدابیر کے تحت سیاحتی ویزوں کا اجرا روک دیا تھا اور اب اسے 2021 کے شروع میں بحال کیا جائے گا۔
سعودی وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ مملکت میں عالمی وبا پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، اگر صورتحال میں اسی طرح بہتری ہوتی رہی تو امید ہے کہ آئندہ سال کے شروع میں سیاحتی ویزے جاری کرنا شروع کر دیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اگر اس اثنا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے یا خاتمے کی ویکسین آتی ہے تو یا کوئی اور مثبت پیش رفت ہوتی ہے تو ممکنہ طور پر رواں سال سے ہی ویزے جاری کیے جا سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ بہت متاثر ہوا ہے اور اس سال کے اختتام تک 35 تا 40 فیصد تک خسارے کا امکان ہے تاہم موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران اندرون ملک سیاحت میں اضافہ ہوا۔
لاک ڈاؤن کے بعد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے بیرون ملک تعطیلات گزارنے کے بجائے اندرون ملک سیاحت میں زبردست اضافہ توقعات سے کہیں زیادہ تھا۔