معروف سماجی کارکن شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ شادیاں زیادہ لوگوں کے بجائے سادگی سے اور کم لوگوں کی موجودگی میں کریں۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ ماضی میں شادیوں کی بڑی بڑی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا تھا جہاں ہزاروں کی تعداد میں مہمانوں کو دعوت دی جاتی تھی۔‘
شنیرا نے کہا کہ ’چونکہ اب ہم سب کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں اور ہمیں سماجی فاصلے کا لازمی خیال رکھنا ہے تو کیوں نہ ہم اس موقع کا فائدہ اُٹھائیں اور اسے اپنے مفاد کے لیے استعمال کریں۔‘
سابق کرکٹر کی اہلیہ نے کہا کہ ’اگر ہم سادگی سے اور کم لوگوں کی موجودگی میں شادی کریں گے تو اس سے ہماری زندگیاں بھی محفوظ رہیں گی اور ہمارے پیسے بھی بچ جائیں گے۔‘
شنیرا نے کہا کہ’مجھے یقین ہے کہ لوگ میری بات ضرور سمجھیں گے اور کم مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی تقریب سرانجام دیں گے۔‘
سوشل میڈیا صارفین وسیم اکرم کی اہلیہ کے اس معنی خیز پیغام کی حمایت کر رہے ہیں، اُن کا کہنا ہےکہ شنیرا نے بالکل ٹھیک کہا ہے ہمیں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ان کی بات پر لازمی عمل کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 43 ہزار 189 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 968 تک جا پہنچی ہے۔









