لاہور: سبزی، پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

141

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

سبزیوں اور فروٹس کی قیمتوں میں اضافے سے گاہک اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہوگئے ہیں۔

گاہک کہتے ہیں کہ پہلے 1 ہزار روپے میں ہفتے کا راشن مل جاتا تھا اب وہ 2 ہزار روپے میں بھی نہیں مل رہا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزی سندھ سے آتی ہے، وہ علاقہ زیرِ آب ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کے دام بڑھ گئے ہیں۔

گاہک کے مطابق پہلے آٹا 1300 روپے من تھا اب 2600 روپے من ہے، دوسری طرف انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 20 کلو آٹا کا تھیلا 820 روپے فروخت کیا جارہا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماڈل بازاروں میں قیمتیں ڈی سی ریٹ سے بھی کم ہیں، چینی 70 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔

لاہور میں ادرک 480 سے 500، مٹر 280، گھیا 180، لہسن 150 اور اروی 140 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔

ماڈل بازاروں میں ٹماٹر 100، گوبھی 80 سے 100، پیاز 70 سے 80 اور آلو 70 سے 100 روپے کلو میں فروخت کیے جارہے ہیں۔

ان بازاروں میں فروٹ بھی مہنگے داموں میں فروخت کیے جارہے ہیں، انگور 140 سے 200 روپے، انار 120 سے 150 روپے، سیب 40 سے 100 روپے کلو میں دستیاب ہے۔

لاہور میں جاپانی پھل 70 سے 80 روپے کلو اور کیلا 40 سے 60 روپے درجن میں فروخت کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں