دنیا بھر میں ناریل کے تیل کی درجہ بندی ’’سپر فوڈ‘‘کے طور پر کی جاتی ہے۔ ناریل میں قدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریا، اینٹی ٹاکسائیڈ اور اینٹی فنگل اجزا شامل ہوتے ہیں اور یہ مختلف وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔ یوں کہہ لیں کہ ناریل کا تیل فیٹی ایسڈ کا ایک ایسا مجموعہ ہے، جو صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
ان میں وزن میں کمی، دماغی صلاحیت میں بہتری ،گردوں کی اچھی صحت اور مدافعتی نظام سمیت دیگر متاثر کن فوائد شامل ہیں جبکہ تیل میں شامل سیچوریٹڈ فیٹس فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتے ہیں، جو قلبی امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ناریل کا تیل خوبصورتی بڑھانے کا ذریعہ بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ نرم و ملائم جِلد کا حصول، بالوں کی نشوونما یا پھر جگمگاتے دانتوں کی خواہش پوری کرنے کیلئے بہترین انتخاب ثابت ہوتا ہے۔
ناریل کا تیل ناصرف جلد اور بالوں کی حفاظت کرتا ہے بلکہ بڑھاپا دور کرنے، سیاہ حلقوں کو ختم کرنے، جلد کو نرمی بخشنے اور دانتوں کو سفیدی عطا کرنے والا انمول تحفہ ہے۔
رات کو سونے سے پہلے ناریل کے تیل کے چند قطرے چہرے پر لگائیں، صبح اٹھنے پر جلد نرم، مرطوب اور با رونق ہوگی، وٹامن ای اور اے سے بھرپور تیل ہاتھوں کی جلد کیلئے بھی انتہائی مفید ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ ناریل کا تیل خون کی گردش کو فعال بناتا ہے، اس کے علاوہ جلد کی تہہ میں جمع ہونے والی چربی سے بھی چھٹکارہ دیتا ہے، متاثرہ جگہ پر مساج کرنے سے کافی افاقہ ہوتا ہے۔
ناریل کا تیل ’فیٹی ایسڈ‘ سے بھرپور ہوتا ہے، یہ آنکھوں کو سُرخ ہونے اور پپوٹوں کو سُوج جانے سے بچاتا ہے، اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹ اور وٹامن ای جلد کے تلف شدہ خلیوں کے علاج میں معاون ثابت ہوتے ہیں، ناریل اور روغنِ بادام ملا کر آنکھوں کے گرد لگانے سے سیاہ حلقوں کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔
ناریل کا تیل بالوں کیلئے کنڈیشنر کا کام کرتا ہے، بال دھونے کے بعد اس کے استعمال کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔
ہفتے میں دوبار ناریل کا تیل بالوں پر لگانے سے ان کی چمک برقرار رہتی ہے اور بال تیزی سے لمبے ہوتے ہیں۔
بالوں کو نرم، لمبا اور گھنا کرنے کیلئے ناریل کا تیل بڑا کارآمد ہے۔ اس سےبالوں کی کھوئی ہوئی چمک واپس آجاتی ہے۔
اکثر بالوں پر ہیئرکلر لگوانے کی وجہ سے بال بے جان ہوجاتے ہیں، ناریل کا تیل اس مشکل کو بھی دور کرتا ہے اور اس کے استعمال سے بے جان بال جاندار اور مضبوط ہونے لگتے ہیں۔
اگر خواتین یا مرد حضرات بال گرنے کی مشکل سے دوچار ہوجائیں تو ایسے میں انہیں ناریل کا تیل استعمال کرنا چاہیے۔
ناریل کا تیل بالوں کی جڑوں میں مضبوطی پیدا کرتا ہے اور انہیں گرنے سے بچاتا ہے۔
اگر آپ سر میں موجود جوؤں کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ناریل کا تیل استعمال کریں۔
خشک اور خراب ہونے والی جلد کو نرم و ملائم بنانے کے لئے ناریل کے تیل کا استعمال بہترین طریقہ علاج ہے۔سر میں ناریل کے تیل کی مالش سے بالوں کی خشکی اور سر کی جلدی خارش کا خاتمہ ممکن ہے-