دیگر ممالک کے طرح پاکستان میں بھی ایوارڈ شوز کا رجحان کافی بڑھ گیا ہے، مختلف چینلز پر ہر سال باقاعدگی کے ساتھ ایوارڈ شوز کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔
لیکن کچھ اداکار ایسے بھی ہیں جو ایوارڈ شوز میں جانا بالکل بھی پسند نہیں کرتے، ان اداکاروں میں ایک نام ’نعمان اعجاز‘ کا شامل ہے۔
نعمان اعجاز
شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز کو نہ مختلف چینلز پر انٹرویو دینا پسند ہے اور نہ ہی اُنہیں ایوارڈ شوز میں جانا اچھا لگتا ہے۔
نعمان اعجاز کو ایک سے زیادہ مرتبہ ملک کے اعلیٰ ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور وہ یہ ایوارڈ متعدد بار جیت بھی چکے ہیں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے ایوارڈ شوز میں جانا اور انٹرویو دینا شروع کیا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں نعمان اعجاز نے ایوارڈ شوز کے خلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے شوز میں جانا اس لیے پسند نہیں ہے کیونکہ اُنہیں یقین ہے کہ کسی بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے یا فاتح کو منتخب کرنے کےلیے کوئی طے شدہ معیار نہیں ہے۔
اُن کے خیال میں بعض اوقات یہ ایوارڈ شوز کسی بھی اداکار پر منفی اثر بھی ڈال سکتے ہیں، جب مستحق اُمیدوار کو کامیابی حاصل نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ کچھ اداکار یہ بات بھی پسند نہیں کرتے کہ اُن سے کم تجربہ کار اور نئے آنے والے اداکار اُنہیں ایوارڈ پیش کرتے ہیں۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ اُن کا خیال ہے کہ اداکار کو لوگوں سے جو محبت ملتی ہے وہ اصل ایوارڈ ہوتا ہے، ان ایوارڈ شوز سے ان کا کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے۔
صبا قمر
صبا قمربھی اُن مشہور شخصیات میں سے ایک ہیں جو ہمیشہ ایوارڈ شوز کے خلاف بات کرتی دکھائی دیتی ہیں،صبا قمر کو 2017 میں لکس اسٹائل ایوارڈز میں نامزد کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس نامزدگی کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا اور وہ تقریب میں بھی نہیں گئی تھیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ اُنہیں تین مختلف ڈراموں کے لیے نامزد کیا گیا تھا لیکن انہوں نے احتجاجاً ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کی تھی، کیونکہ پچھلے 12 سالوں میں کبھی مجھے کسی ڈرامے کے لیے نامزد نہیں کیا گیا، میری عزت نہیں کی گئی اور اب جب میرے پاس بالی ووڈ کا ’اسٹیمپ‘ ہے تو سب نے اچانک مجھے ماننا شروع کردیا ہے۔
شمعون عباسی
معروف اداکار شمعون عباسی کی ایوارڈ شوز کونہ پسند کرنے اور اُن کا حصہ نہ بننے کی وجوہات بالکل مختلف ہیں۔ ایک شو میں احسن خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ کوکسی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جاتا ہے تو یہ آپ کے لیے خاص رات ہوتی ہے لیکن ایوارڈ تقریب میں موجود ہر شخص آپ کے لیے خوش نہیں ہوتا ۔
شمعون کو لگتا ہے کہ نامزد ہونے والے اداکار کے ساتھی اداکار اُن سے حسد کرنے لگتے ہیں اور آپ کے آس پاس کے ماحول کو متاثر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ ایوارڈ شو کبھی بھی مناسب طریقے سے منعقد نہیں ہوتا ہے جو واقعی مایوس کن بھی ہوسکتا ہے۔
بدر خلیل
یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ جب سینئر اداکارہ بدر خلیل کو اپنی سیٹ سے اُٹھنے اور کہیں اور بیٹھنے کو کہا گیا تھا تواُن پر کیا گزری تھی۔ ایسا ایک نجی چینل کی تقریب کے دوران ہوا تھا جب سلطانہ صدیقی نے بدر خلیل کواپنی سیٹ سے اُٹھنے اور اُن کی جگہ فواد خان کو بیٹھنے کے لیے کہاتھا۔
یہ واقعہ ایک بڑے تنازعہ میں بدل گیا تھا اور عوام نے بدر خلیل کی حمایت کی۔اس کے بعد بدر خلیل نے کبھی بھی ایوارڈ شوز میں شرکت نہ کرنے اور اداکاری چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایوارڈز کا کوئی مطلب نہیں اگر آپ اُس شخص کو عزت نہیں دے سکتے، جسے آپ ایوارڈ دے رہے ہیں۔