کابل:2 حملوں میں 4 افغان سیکیورٹی فورسز اہلکار ہلاک

123

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 12 گھنٹوں کے دوران 2 مختلف حملوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

افغان پولیس کے مطابق آج صبح کابل کے علاقے لبِ جار میں نصب بارودی مواد کا دھماکا کیا گیا،جس میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 1 اہلکار زخمی ہو گیا۔

اس سے قبل ایک حملہ رات گئے قلعہ وزیر میں کیا گیا، مسلح افراد کے حملے میں 2 افغان فوجی ہلاک ہوئے، دونوں حملوں کی ذمے داری کسی گروپ نے ابھی تک قبول نہیں کی ہے۔

گزشتہ روز افغان صوبے فریاب کے ضلع المار میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر کار بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور 20 افراد زخمی ہو گئے تھے، زخمی ہونے والوں میں المار پولیس چیف بھی شامل تھے۔

حملےمیں زخمی ہونے والوں میں 12 پولیس اہلکار اور 8 شہری شامل ہیں، جبکہ 100 کے قریب دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

ادھر افغان صوبے فراہ میں افغان فورسز کے آپریشن میں برصغیر القائدہ کا سینئر رکن محمد حنیف المعروف عبداللّٰہ مارا گیا۔

افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کا کہنا ہے کہ محمد حنیف کو طالبان نے محفوظ پناہ گاہ فراہم کی ہوئی تھی، آپریشن میں 2 خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

محمد حنیف برصغیر القائدہ کے سربراہ عاصم عمر کا قریبی ساتھی تھا، محمد حنیف نے 2010ء میں طالبان کو چھوڑ کر القائدہ میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ طالبان جنگجوؤں کو بم بنانے کی تربیت دیتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں