کراچی، اسلام آباد، حیدرآباد (خبرایجنسی، جنگ نیوز، بیورو رپورٹ)کورونا، 36اموات، 2738نئے مریض،ملک میںفعال کیسز 33ہزار 562 ہوگئے، 230 مریض وینٹی لیٹرز پر،پنجاب ، کے پی میں سختی کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات کردی گئیں، حیدرآباد میں کورونا وائرس میں تیزی دیکھی گئی اور خاتون سمیت 4مریض انتقال کرگئے جبکہ 130نئے کیسز سامنے آگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی)کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 738 افراد کے کووڈ۔19ٹیسٹ مثبت آئے اور 36 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 542 ہو چکی ہے، ملک بھر میں وینٹی لیٹرز پر کووڈ۔19 کے 230 مریض ہیں، فعال کیسز کی تعداد 33ہزار562ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہے،ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 561 ہے۔دوسری جانب چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کورونا کی دوسری لہر کے تناظر
میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے انڈور شادی ہالز اور 300 سے زائدافراد کے اکھٹا ہونے پر مکمل پابندی عائد کی ہے،تمام کمشنرز صاحبان اپنے متعلقہ ڈویژن میں این سی او سی کے فیصلوں پر مکمل طورپر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ادھر حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا ایس او پیز پرمزیدسختی کرتے ہوئے شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کی اجازت صرف کھلی جگہ پر ہوگی،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 300 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی جب کہ کھلی جگہ پر تقریبات میں بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہوگا اور تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر بھی چہرہ ڈھانپنا لازم ہوگا،نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں کے اندر تقریبات پر پابندی کا اطلاق 20 نومبر سے 31 جنوری تک لاگو رہے گا۔