ماہرین غذائیت کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچے دودھ کا استعمال نہیں کرنا چاہیےکیونکہ یہ صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی غذائی ماہرین نے عام دستیاب دودھ کے ہزاروں نمونوں کا تجزیہ کرنے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ کچے دودھ میں اینٹی بایوٹک دواؤں سے مزاحمت رکھنے والے جین کی زیادہ مقدار موجود ہوتی ہے، لہذا اس دودھ کو اچھی طرح اُبالنے کے بعد ہی استعمال کرنا ضروری ہے۔
ایک ریسرچ جرنل کے تازہ شمارے میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق اس مطالعے کی غرض سے امریکا کی پانچ ریاستوں میں مختلف مارکیٹوں سے دودھ کے 2034 نمونے جمع کیے گئے جو یا تو بالکل کچے تھے یا پھر اُنہیں تین الگ الگ طریقوں کے ذریعے جراثیم اور دیگر مضر اجزاء سے پاک کیا گیا تھا۔
مطالعے میں جہاں یہ بات سامنے آئی کہ اگر کچے دودھ کو فرج میں رکھ دیا جائے تو اس میں جراثیم زیادہ نہیں ہوتے، وہیں یہ بھی معلوم ہوا کہ کچے دودھ میں ایسے خطرناک جین کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے جو اینٹی بایوٹکس کے خلاف مزاحمت رکھتے ہیں اور عام درجہ حرارت پر دودھ میں خطرناک جراثیم کی تعداد میں تیز رفتار اضافے میں مدد بھی کرتے ہیں۔
یہ بات اس سے پہلے بھی ایک مطالعے میں سامنے آچکی ہے لیکن موجودہ تحقیق میں اس کا تعلق جراثیم کی تعداد بڑھنے سے بھی ثابت ہوا ہے، جو ایک تشویشناک بات ہے۔
اس تحقیق نے بزرگوں کی پرانی نصیحت ایک بار پھریاد کرادی ہے کہ ’ دودھ کو ہمیشہ اچھی طرح اُبال کر پینا چاہیے۔‘